کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کراچی میں رینجرز کی حراست میں ہلاک ہوگئے۔
رینجرز نے ایک روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت سے آفتاب احمد کا 90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔
فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کو دو دن پہلے فیڈرل بی ایریا سے حراست میں لیا گیا تھا۔
40 سالہ آفتاب احمد کو صبح سویرے جناح اسپتال لایا گیا، جہاں وہ علاج کے دوران ہی ہسپتال لائے جانے کے 45 منٹ بعد دم توڑ گئے۔
جناح ہسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ سیمی جمالی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آفتاب احمد کو صبح 7 بجے لایا گیا جبکہ اس کا انتقال 7:45 پر ہوا۔
سیمی جمالی کے مطابق آفتاب احمد کی ہلاکت کی وجوہات پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آ سکیں گی۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما واسع جلیل نے ٹوئٹ پر آفتاب احمد کی ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ ایم کیو ایم نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
Post a Comment