Utv Pakistan Urdu News Utv Pakistan Urdu News Author
Title: وزیراعظم کی زیر صدارت اقتصادی کونسل کا اجلاس، 1675 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری
Author: Utv Pakistan Urdu News
Rating 5 of 5 Des:
اسلام آباد:  وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی  صدارت کی جس میں آئندہ مالی سال کے لیے 1675 ار...
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی جس میں آئندہ مالی سال کے لیے 1675 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم نوازشریف نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن ویڈیو لنک سے وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں تین صوبوں اور گلگلت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی وزرا نے شرکت کی جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لندن میں وزیراعظم کے ہمراہ ہی اجلاس میں شریک تھے۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جس کے بعد  آئندہ مالی سال کے لیے 1675 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی گئی جن میں 800 ارب روپے وفاق جب کہ 875 ارب روپے صوبوں کے ترقیاتی فنڈز کے لیے ہوں گے۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ صحت کے مسائل کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کرسکا تاہم جلد اپنے عوام اور ساتھیوں میں موجود ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مجموعی قومی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، حکومت آنے کےبعد گزشتہ 3 سال میں جی ڈی پی میں اضافے کی سطح 4 فیصد سے زیادہ رہی اور موجودہ سال میں 4.71 فیصد رہی جو کہ گزشتہ 8 سال کی بلند ترین شرح ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ 2 سالوں میں مجموعی طور پر قومی پیداوار میں اضافے کا ہدف 6 سے 7 فیصد ہے جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری بھی مجموعی قومی پیداواربڑھانے کی استطاعت رکھتی ہے، اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک میں اقتصادی ترقی کوفروغ ملے گا، راہداری کے تحت توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل معیشت کے لیے دورس نتائج کی حامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے اسحاق ڈار،احسن اقبال اوران کی ٹیم کوسراہتا ہوں، ہم نے مختصرمدت میں شانداراقتصادی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملک کا مستقبل روشن دیکھ رہا ہوں۔
وزیراعظم کے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت وفاقی وزرا نے وزیراعظم نوازشریف سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے دعا کی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرا سمیت سیکریٹریز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

About Author

Advertisement

Post a Comment

 
Top